سندھ یونیورسٹی کے اساتذہ کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس) کے استعمال کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے آن لائن ٹریننگ سیشنز شروع

جمعرات 21 مئی 2020 00:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2020ء) جامعہ سندھ کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں یکم جون سے آن لائن کلاسز شروع کرنے کے فیصلے کے تحت سندھ یونیورسٹی کے اساتذہ کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس) کے استعمال کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے آن لائن ٹریننگ سیشنز شروع کیے گئے ہیں، پہلے روز فیکلٹی آف آرٹس اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں سمیت انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس اور انسٹیٹیوٹ آف فزکس کے اساتذہ کے تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے، شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے ان سیشنز میں دونوں فیکلٹیز کے ڈینز، شعبوں کے سربراہان، انسٹیٹیوٹس کے ڈائریکٹرز اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر آئی ٹی سروسز سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یاسر عرفات ملکانی اور اورک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ذیشان بھٹی نے آن لائن تعلیم کے سلسلے میں سندھ حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی گائیڈ لائنز، لرننگ مینجمنٹ سسٹم میں شامل مختلف فیچرز، ان کے استعمال کے طریقہ کار، آن لائن لیکچر اور وڈیو رکارڈنگ کے طریقہ کار، کورس فائل، نوٹس،اسائنمنٹس اپلوڈ کرنے، گوگل سائٹس سمیت آن لائن تعلیم کے سلسلے میں مطلوبہ آگاہی دی، انہوں نے بتایا کہ اساتذہ اپنے طلباء کو جو آن لائن لیکچرز دینگے وہ اس سسٹم سمیت طلباء کے ای پورٹل اکائونٹس میں اپلوڈ ہو جائیں گے جو طلباء آن لائن لیکچر میں شامل نہیں ہو سکیں گے وہ ان اپلوڈ لیکچرز سے مدد حاصل کر سکیں گے، انہوں نے اساتذہ کی جانب سے لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

(جاری ہے)

شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے اپنے خیالات کا ظہار کرتے ہوئے اساتذہ کے ٹریننگ سیشنز کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان سیشنز کے ذریعے اساتذہ نے لرننگ مینجمنٹ سسٹم میں شامل مختلف فیچرز اور ان کے استعمال کے طریقہ کار کے بارے میں بہتر معلومات حاصل کی ہوگی، جس سے انہیں اس سسٹم کو آن لائن تعلیم کے سلسلے میں استعمال کرنے میں آسانی ہوگی، وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ سندھ کی آئی ٹی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسر عرفات ملکانی، ڈاکٹر ذیشان بھٹی، ڈاکٹر الطاف نظامانی اور ان کی ٹیم کا جذبہ قابل داد ہے۔ وائس چانسلر نے ٹریننگ سیشنز میں اساتذہ کی کثیر تعداد کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے قابل فیکلٹی ممبرز اس یونیورسٹی کا فخر ہیں، جنہوں نے ہر موقع پر خود کو منوا کر یونیورسٹی کی نیک نامی میں اضافہ کیا ہے، آن لائن تعلیم کے سلسلے میں بھی اساتذہ کا تعاون حوصلہ افزا ہے، ان ٹریننگ سیشنز میں سندھ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر امیر علی ابڑو، آرٹس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالغنی شیخ، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کونبھاٹی سمیت انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹرز، شعبوں کے سربراہان اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔