اس مرتبہ تمام اسلامی ممالک میں ایک ہی دن عید ہوگی

بیشتر اسلامی ممالک پہلے ہی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر چکے، پاکستان میں بھی انشاء اللہ 24 مئی کو ہی عید ہوگی: وفاقی وزیر فواد چوہدری

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 مئی 2020 19:49

اس مرتبہ تمام اسلامی ممالک میں ایک ہی دن عید ہوگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2020ء) اس مرتبہ تمام اسلامی ممالک میں ایک ہی دن عید ہوگی، وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بیشتر اسلامی ممالک پہلے ہی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر چکے، پاکستان میں بھی انشاء اللہ 24 مئی کو ہی عید ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک اور دنیا بھر میں عیدالفطر 24 مئی کو ہوگی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت سائنس کے کلینڈر کیمطابق اس بار ملک میں عیدالفطر 24 مئی ہوگی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بار دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ تقریباً پوری دنیا میں ہی خاص کر تمام اسلامی ممالک میں عیدالفطر24 مئی کو ہوگی ۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا، ملائیشیا، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک میں بھی عید الفطر 24 مئی کو منائی جائیگی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت سائنس کی کمیٹی میں وفاقی وزیر غلام سرور اور نور الحق کو بھی دعوت دی ہے۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائنس کے جدید دور میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کرنا چاہتی ہے، جمعہ کو پریس کانفرنس میں تمام ضروری امور سامنے لاؤں گا اور بتاؤں گا کہ عید 24 مئی کو کیونکر بنتی ہے۔

جبکہ یہ بھی بتاؤں گا کہ رویت ہلال کمیٹی کیوں پیر کی عید کرناچاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتہ 23 مئی کو طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ پاکستان میں شوال کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی کمیٹی اور زونل کمیٹیاں چاند کی شہادتیں موصول کریں گی جس کے بعد ہی عیدالفطر کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب ماہرین فلکیات اور ماہرین موسمیات یہ پیشن گوئی کر چکے کہ ملک میں 23 مئی بروز ہفتہ کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، اسی لیے ملک میں عید الفطر 25 مئی بروز پیر کو ہوگی۔