پی آئی اے کو اضافی پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی

قومی ائیرلائن کو مئی کے آخر تک کراچی سے لاہور کے درمیان روزانہ ایک پرواز چلانے کی اجازت ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 مئی 2020 23:11

پی آئی اے کو اضافی پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2020ء) پی آئی اے کو اضافی پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی، قومی ائیرلائن کو مئی کے آخر تک کراچی سے لاہور کے درمیان روزانہ ایک پرواز چلانے کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پی آئی اے نے رواں ہفتے کے آغاز سے اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ پی آئی اے فی الحال ملک کے 5 بڑے ائیرپورٹس سے اندرون ملک پروازیں چلا رہی ہے۔

جبکہ اب قومی ائیرلائن کو اپنی پروازوں میں مزید اضافے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے اب سے کراچی اور لاہور کے درمیان روزانہ ایک پرواز چلائی گئی۔ یہ سلسلہ مئی کے اختتام تک جاری رہے گا۔ فی الحال قومی ائیرلائن محدود پیمانے پر پروازیں چلا رہی ہے، حالات بہتر ہونے کے بعد ہی فلائٹ آپریشن معمول پر آ سکے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی آئی اے کا خصوصی فضائی آپریشن بھی جاری ہے۔

مسافروں کو بیرون ملک پہنچانے اور وطن واپس لانے کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں سے پروازیں اڑان بھر رہی ہیں۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق آج 22 مئی کو اسلام آباد سے کوالالمپور کے لئے پرواز روانہ ہو گی اور دوسری اسلام آباد سے بارسلونا کے لئے پرواز روانہ ہوگی۔23 مئی کو اسلام آباد سے میلان کے لئے پرواز روانہ ہو گی جبکہ 29 مئی کو اسلام آباد سے اوسلو کے لئے پرواز روانہ ہو گی۔

27 مئی کو لاہور سے فرینکفرٹ کے لئے پرواز روانہ ہوگی۔28 مئی کو لاہور سے ٹورنٹو کے لئے پرواز روانہ ہو گی جبکہ برطانیہ کے شہروں لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لئے اسلام آباد اور لاہور سے پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث پاکستان میں مسافر پروازیں تقریباً 2 ماہ تک بند رہی تھیں۔ بین الاقوامی کمرشل پروازیں اب بھی بند ہیں۔ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے صرف خصوصی فلائٹ آپریشن جاری ہے۔