وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کی جانب سے غیر ملکی طلباء کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام

جمعہ 22 مئی 2020 17:13

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی جانب سے غیر ملکی طلباء کیلئے ہاسٹل میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پرووسٹ سمیت سینئرپروفیسرز بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گومل یونیورسٹی کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ یہاں سوڈان، شام، فلسطین سمیت دیگر ممالک سے آئے ہوئے طلباء کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا سمیت پاکستان میں بھی لاک ڈائون کیاگیا ہے تاکہ اس بیماری کے پھیلائو سے پوری قوم کو بچایا جا سکے۔ وہیں گومل یونیورسٹی کو بھی کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا ہے تاکہ گومل یونیورسٹی میںرہائش پزیر ملازمین اور خصوصا آ پ غیر ملکی طلباء کو اس وباء سے بچایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ ان حالات میں آپ غیر ملکی طلباء کی حفاظت اور بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔آپ تمام طلباء مجھے اپنے بچوںکی طرح عزیز ہیں۔ اس لئے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ طلباء کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ آپ طلباء اپنے آپ کو اس مشکل وقت میں تنہامحسوس نہ کریں۔

اس موقع پر غیر ملکی طلباء نے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد اور یونیورسٹی انتظامیہ کا پرتکلف افطار ڈنر پر شکریہ ادا کیا ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایت پر پرووسٹ وقتا فوقتا ہمارے ہاسٹل کا دورہ کرکے ہمارے مسائل کو حل کرتے ہیں جو وائس چانسلر ،پرووسٹ اور یونیورسٹی انتظامیہ کی طلباء سے محبت کا ثبوت ہے ۔