کراچی طیارہ حادثہ، ایک خاتون مسافر بھی معجزانہ طور پر زندہ بچ گئیں

معجزانہ طور پر محفوظ رہنے والی تیسری مسافر طاہرہ محمود ہیں، طاہرہ محمود کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، ترجمان محکمہ صحت

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 مئی 2020 21:41

کراچی طیارہ حادثہ، ایک خاتون مسافر بھی معجزانہ طور پر زندہ بچ گئیں
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2020ء) کراچی طیارہ حادثہ، ایک خاتون مسافر بھی معجزانہ طور پر زندہ بچ گئیں ، ترجمان محکمہ صحت کے مطابق معجزانہ طور پر محفوظ رہنے والی تیسری مسافر طاہرہ محمود ہیں، طاہرہ محمود کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے افسوسناک طیارہ حادثے میں معجزانہ طور پر 3 مسافر زندہ بچ گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ زندہ بچ جانے والے مسافروں میں 1 خاتون بھی شامل ہیں جن کا نام طاہرہ محمود بتایا جا رہا ہے۔ خاتون بھی شدید زخمی بتائی جا رہی ہیں اور ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔ باقی 2 مسافروں میں ایک بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود ہیں اور ایک اور مسافر کا نام زبیر بتایا جا رہا ہے۔ دونوں مسافروں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

آخری اطلاعات تک طیارہ حادثے میں کل 90 افراد کے جاں بحق ہو جانے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے میں 99 مسافر اور 8 عملے کے اراکین سمیت کل 107 افراد سوار تھے۔ آخری اطلاعات تک 60 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جا رہی ہیں۔ طیارے کا بلیک باکس بھی تلاش کر کے تحویل میں لیا جا چکا۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ طیارے کے دونوں انجن فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا، تاہم اصل حقائق تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور سے اڑان بھرنے کے بعد دوران پرواز طیارہ میں کسی قسم کی تکنیکی خرابی رپورٹ نہیں کی گئی، تاہم جب طیارہ کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا، تب اس کے لینڈنگ گیئر خراب ہوگئے۔ ایسے میں پائلٹ نے ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے کی کوشش کی اور ناکام رہا۔ کنٹرول ٹاور سے ہدایات ملنے کے بعد پائلٹ طیارے کو دوبارہ فضاء میں لے گیا اور چکر لگانے کے بعد دوبارہ لینڈنگ کیلئے واپس آیا۔ لینڈنگ کرنے سے کچھ دیر قبل ہی پائلٹ کا اچانک کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا اور پھر حادثے سے ایک منٹ قبل دوبارہ رابطہ قائم ہوا اور پائلٹ نے مے ڈے کی کال دی۔ اس رابطے کے ایک منٹ بعد ہی طیارہ ائیرپورٹ کے قریب آبادی میں جا گرا اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔