طیارہ لینڈنگ کے بہت قریب تھا لیکن بدقسمتی سے رن وے سے تھوڑا پہلے آبادی پر گرکے تباہ ہوگیا

نئی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کرنے کے انداز میں جارہا تھا کہ زمین سے ٹکرا گیا جس کے بعد آگ اور دھواں آسمان کی جانب اٹھتا دکھائی دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 22 مئی 2020 22:07

طیارہ لینڈنگ کے بہت قریب تھا لیکن بدقسمتی سے رن وے سے تھوڑا پہلے آبادی ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2020ء) : طیارہ لینڈنگ کے بہت قریب تھا لیکن بدقسمتی سے رن وے سے تھوڑا پہلے آبادی پر گرکے تباہ ہوگیا، نئی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کرنے کے انداز میں جارہا تھا کہ زمین سے ٹکرا گیا۔ فوٹیج میں طیارہ لینڈنگ کیلئے اونچائی سے نیچے آتا دکھائی دیتا ہے لیکن اچانک جہاز زمین سے ٹکرا جاتا ہے جس کے بعد آگ اور دھواں آسمان کی جانب اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کے لینڈنگ گئیرز باہر نکل آئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پائلٹ نے لاہور سے کراچی پہنچ کر لینڈنگ کے لیے طیارے کے پہیے کھولنا چاہے لیکن وہ اس میں ناکام رہا جس پر پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے کے بارے میں بتایا، پائلٹ رن وے تک پہنچنے کے دوران مسلسل پہیے کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔

(جاری ہے)

دوپہر دو بجکر 20 منٹ پر طیارہ عین رن وے تک پہنچ گیا مگر ہنگامی لینڈنگ کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے کپتان نے طیارے کو واپس اڑا لیا۔ دوبارہ اڑان بھرتے ہی پائلٹ نے ایک چکر لگانے کے لیے طیارے کو بائیں جانب موڑا اور شاہ فیصل کالونی، ملیر اور نیشنل ہائی وے سے ہوتے ہوئے دوبارہ لینڈنگ کی کوشش کی۔جہاز کے پہیے کھولنے کے لیے کپتان نے آخری حربے کے طور پر سسٹم کو پمپ کیا تو جہاز کے پہیے کھل گئے مگر اس وقت تک جہاز کا ایک انجن فیل ہوچکا تھا۔

پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو اس دوسری ہنگامی صورتحال سے متعلق بھی بتایا اور طیارے کو ہر ممکن مہارت سے ائیرپورٹ تک لے جانے کی کوشش کی لیکن اس دوران جہاز کا دوسرا انجن بھی فیل ہوگیا اور طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہوگیا۔وفاقی وزیرِ ہوابازی غلام سرور خان نے کراچی میں پی آئی اے کے گرنے والے طیارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے وقت تکنیکی خرابی کی وجہ سے گرکر تباہ ہوا جس میں 90سے زائد افراد شہید ہوئے ہیں جن میں 8کریو کے ارکان بھی شامل ہیں۔