کوتاہی ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا، وزیر ہوابازی

پائلٹ نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ جانی نقصان کم سے کم ہو ۔ غلام سرور

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 23 مئی 2020 13:54

کوتاہی ثابت ہوئی تو مستعفی ہو جاؤں گا، وزیر ہوابازی
کراچی ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 23 مئی 2020 ء ) وزیر ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ پائلٹ نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ جانی نقصان کم سے کم ہو، تفصیلات کے مطابق وزیرہوا بازی غلام سرور نے گزشتہ روز حادثے کا شکار طیارے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثر ہونے والے تمام گھروں کے مرمتی اخراجات برداشت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔

پوری کوشش ہوگی کہ نتائج جلد سے جلد سامنے رکھے جائیں۔ جس کی 100 فیصد آزادانہ اور شفاف انکوائری کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوتاہی ہوگی تو استعفیٰ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر حادثہ کی تحقیقات کرنے اور ورثاء کو معاوضوں کی فوری ادائیگی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی ۔ اجلاس میں پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن ناصر حسن جامی اور دیگر سینئر افسران، پی آئی اے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلی انتظامی افسران بھی شریک تھے۔ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن ناصر حسن جامی نے المناک سانحہ سے متعلق اب تک کی تفصیلات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ حادثہ سے متعلق بورڈ کو حادثہ کی تحقیقات کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائر مارشل ارشد ملک نے بھی اجلاس کو المناک سانحہ سے متعلق بریفنگ دی۔