آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے بھارت کچھ بھی کرنے کو تیار

حالات کے تحت تمام میچز ایڈیلیڈ کے بائیو سیکیور ماحول میں کھیلنے پر آمادگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 مئی 2020 16:03

آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے بھارت کچھ بھی کرنے کو تیار
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مئی 2020ء ) آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے ویرات کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم کچھ بھی کرنے کو تیار ہے جس نے حالات کے تحت تمام میچز ایڈیلیڈ کے بائیو سیکیور ماحول میں کھیلنے پر بھی آمادگی ظاہر کردی جس کی ایک بھارتی آفیشل نے تصدیق بھی کردی ہے ۔واضح رہے کہ دسمبر اور جنوری میں بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا میں چار ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے اور کرکٹ آسٹریلیا کو اس دوران صرف براڈکاسٹ ریونیوز کی مد میں 300 ملین آسٹریلین ڈالرز حاصل ہو سکتے ہیں جس سے وہ کسی صورت ہاتھ دھونے کو تیار نہیں ہے ۔

آسٹریلین نائب کپتان ٹریوس ہیڈ نے بھی بھارت کیخلاف بند دروازوں کی سیریز ایڈیلیڈ میں کھیلنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں قریبی ایک ہوٹل بھی زیر تعمیر ہے جس کے باعث کورونا وائرس کے تحت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ممکن ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ بورڈ کے خزانچی ارون دھومل کے مطابق کھلاڑی فیلڈ میں واپسی کیلئے بیتاب ہیں لہٰذا انہیں صورتحال کے مطابق ایک وینیو پر کھیلنے میں بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا کیونکہ کیا پتہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے باوجود دیگر ٹیمیں بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا پسند کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شائقین کے بغیر میچز کسی کو بھی پسند نہیں لیکن اس کے سوا کوئی اور راستہ ہی نہیں ہے البتہ دورے میں ابھی چونکہ چند ماہ باقی ہیں لہٰذا وہ اپنے پلیئرز کی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے درست فیصلے کیلئے حالات کا جائزہ لیتے رہیں گے ۔