میونسپل کمیٹیز کو عید سے قبل صفائی آپریشن ہر صورت مکمل کرنے کے احکامات جاری

ہفتہ 23 مئی 2020 16:55

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے میونسپل کمیٹیز کو عید سے قبل صفائی آپریشن ہر صورت مکمل کرنے اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی روسٹرز کے مطابق ڈاکٹرز کو حاضری کا سختی سے پابند کردیا۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹر کے مریض سے ہتک آمیز رویہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ذمہ دار کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کو عید کے دن کے علاوہ باقی ایام میں گندم خریداری مہم جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 100 فیصد ہدف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بات ڈی سی دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اے ڈی سیز، اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر محکموں کے ہیڈز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مزید کہا کہ دوبارہ ٹڈی دل حملہ کا خطرہ ابھی موجود ہے اس لئے محکمہ زراعت ابھی الرٹ رہے، مہنگائی مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے، عید کے موقع پر خود فیلڈ میں نکلوں گا اور صفائی کیساتھ ڈاکٹروں کی حاضریاں چیک کروں گا،فلڈ بندوں کے تجاوزات ختم کی جائیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع میں 34 میں سے 19 کورونا کے مریض ابھی تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ماریہ کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے اور ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے محکمہ صحت متحرک رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گندم کے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیوں پر اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کی کارکردگی کو سراہا۔