کشمیریوں نے آزاد ی کیلئے بے مثال قربانیاںدی ہیں ، اشرف صحرائی

ہفتہ 23 مئی 2020 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے ان خیالات کا اظہار تحریک حریت جموںوکشمیرآزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت غلامی کی جن زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں یہ مختلف مواقع پر کئے گئے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اب خدا پر بھروسہ ، خود اعتمادی، صحیح اور بروقت فیصلے ہی کشمیریوں کو منزل سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ میرے گھرانے سمیت پوری قوم کی بیش بہا قربانیاں صبح آزادی پر منتج ہونے کے بعد ہی کشمیریوںکوچین آئے گا اور وہ سکون کی نیندسو سکیں گے ۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری محدود ذرائع کے ساتھ ایک بڑے دشمن کے خلاف برسرپیکار ہیں ، اسکے وار سہہ رہے ہیں اورساتھ ساتھ بھر پور مزاحمت بھی کر رہے ہیں۔تحریک حریت کے چیئرمین نے آزاد کشمیر اور پاکستان سے انکے بیٹے جنید صحرائی کی شہادت پر انکے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ جنید نے جس قابل رشک استقامت، پامردی اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ شہید کے والدین کی تربیت کا ہی نتیجہ ہے۔