} عید الفطر روز ہ داروں کیلئے شکر اور انعام کا دن ہے،لیاقت بلوچ

منگل 26 مئی 2020 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سید مودودی انسٹیٹیوٹ میں نماز عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر روز ہ داروں کیلئے شکر اور انعام کا دن ہے ۔روز ہ اورقرآن اہل ایمان کی زندگیوں کو ضابطہ کا پابند بناتا ہے ۔اللہ پر کامل ایمان اور رسول اللہ ﷺ خاتم انبیاء سے عشق و محبت ہی بندہ مومن کی عزت اور نجات ہے ۔

عید الفطر کے چاند کی آڑ میں حکومتی چھتری تلے سیکولر طبقے نے علماء اور شعائر اسلام کے خلاف کھلی جنگ شروع کررکھی ہے ۔حکومت علماء کے ساتھ مل کر مستقل بنیادوں پر رویت ہلال کا مسئلہ حل کرے ۔دنیا کو پاکستان کے خلاف جگ ہنسائی کا موقع نہ دیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اشتراکیت کے بعد مغربی سرمایہ دارانہ نظام بھی زمین بوس ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

ریاست مدینہ کے نظام کی دعویدار حکومت کیلئے تاریخی موقع ہے کہ نئے نظام کی متلاشی دنیا کو پاکستان ،اسلام کا مثالی نمونہ بن کر دکھائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر ہندو اور فلسطین یہودیوں کے قبضہ میں ہے ۔عالم اسلام کے انتشار کی وجہ سے مسلمان بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔عالم اسلام کا اتحاد ہی امت کو بحرانوں سے نجات دلائے گا۔امت میں اسلام کی محبت ہے لیکن مسلم حکمران مفادات ،ذہنی غلامی اور بے حسی کا مجسمہ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کراچی میں فضائی حادثہ پر غم زدہ ہے ،غیر جانبدار انہ تحقیقات ہی مطلوب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا پھیل رہی ہے اور حکومت ازسر نو قوم کو دھمکا رہی ہے ۔اصل میں عمران سرکا رکے تذبذب نے پوری قوم کو مشکلات کا شکار کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تباہی کی ذمہ دار خود حکومت ہے ۔