حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 27 مئی 2020 01:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کر رہی ہے کیونکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں کاروباری برادری کا اہم کردار ہے، دیگر ممالک کے ساتھ تجارت اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو درپیش مسائل آئندہ بجٹ میں حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کو ایک ہی وقت میں کورونا وائرس اور معاشی مسائل کا سامنا ہے، حکومت قومی معیشت کے استحکام اور کوویڈ 19 کی موثر روک تھام کیلئے کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کرنے ہیں اور حکومت تمام صوبوں کے تعاون سے ایک زرعی پالیسی متعارف کروائے گی، حکومت کسانوں کی سہولت کیلئے کھاد کی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے تاہم حکومت اس حوالے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور حکومت نے پہلے ہی 72 فیصد صارفین کو سبسڈی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم توانائی کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جس سے بجلی کی کم لاگت پیداوار میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور برآمدات و درآمدات میں فرق کو کم کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں برآمدات کو بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانا ہے۔