جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی، پارہ 50 سے تجاوز کرگیا

بدھ 27 مئی 2020 15:34

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی، پارہ 50 سے تجاوز کرگیا، شدید گرمی کے باعث متعدد افراد بے ہوش، سڑکیں سنسان ہوگئی، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری،شہر میں برف کی قلت پیدا ہوگئی، ٹھنڈی مشروبات کی مانگ میں اضافہ۔ شہری بلبلا اٹھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بدھ کے روز شدید گرمی رہی اور درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے تجاویز کرگیا قیامت خیز گرمی اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث شہر بھر میں متعدد افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافے کے باعث شہر کی مارکیٹیں اور سڑکیں سنسان ہوگئی ہیں اور لوگ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے ہیں، ایک طرف قیامت خیز گرمی تو دوسری جانب شہر کے مختلف فیڈرز سٹی ٹو، سٹی تھری، سٹی فائیو، سٹی 8، شاہ لطیف فیڈر،اسپتال فیڈر، شہباز فیڈرز سمیت دیگر فیڈرز پر 12،12 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت اور مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں، گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور ٹھنڈی مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، سخت ترین گرمی اور بجلی کی لوڈیڈنگ کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :