پاکستان کو ایٹمی طاقت کے ساتھ ساتھ صحت مند قوت بننا وقت کی اہم ضرورت ہے، سربراہ تنظیم پاکستانی

جمعہ 29 مئی 2020 17:46

سکھر۔29مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت کے ساتھ ساتھ صحت مند قوت بننا وقت کی اہم ضرورت ہے،ہم سب متحد ہو کر کورونا وائرس کے بعد بدلتی ہوئی دنیا میں بیماریوں اور وباؤں سے پاک، صحت مند پاکستان بنائیں تا کہ پاکستانی قوم کو اقوام عالم کے ہم پلہ ایک عظیم قوم ثابت کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنماؤں کی ولولہ انگیز قیادت میں جان و مال کی لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں یہ ملک حاصل کیا۔بعد میں آنے والوں نے اس کے استحکام کے لئے اپنا اپنا کردار بخوبی ادا کیا جبکہ اٴْس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو، سابق صدر غلام اسحق خان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سربراہی میں شروع ہونے والے ایٹمی پروگرام کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک عظیم اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا۔اب کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد دنیا نئے سرے سے تبدیل ہو رہی ہے۔