بٹل ٹریفک حادثہ میں ایک شخص جاں بحق اور تین شدید زخمی

ہفتہ 30 مئی 2020 15:55

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) بٹل ٹریفک حادثہ میں ایک شخص جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بٹل کے علاقہ نروئی کے قریب شاہراہ ریشم پر بریک فیل ہونے کے باعث گلگت سے راولپنڈی جانے والے سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی ناٹکو کے لوڈر ٹرک نے مخالف سمت سے آنے والی دو کاروں گاڑیوں کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں ایک شخص صابر ولد صنوبر سکنہ کٹائی تھاکوٹ جاں بحق ہو گیا جبکہ الیاس ولد شاہ جہان سکنہ کاغان محمد امان ولد یعقوب سکنہ لوگر صوابی بابر زمان ولد فضل الرحمن سکنہ بانڈہ پیراں شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

حادثہ کے بعد ناٹکو گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ناٹکو گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بٹل قاضی ماجد نسیم، ایڈیشنل ایس ایچ او عامر خان، آئی ایچ سی شاہد گل، آئی ایچ سی بلال خان و دیگر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال بٹل پہنچایا گیا۔ بٹل پولیس نے حادثہ کی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔