وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ ،

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا کورونا وباء کے بحران کی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ وادی میں لاک ڈائون مزید سخت کردیا ہے، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 30 مئی 2020 22:09

وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے رابطہ کر کے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ وزیر خارجہ نے آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں پر پاکستان کی سنگین تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے جموں وکشمیر میں حالیہ ڈومیسائل قانون کا حوالہ دیا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، چوتھے جینوا کنونشن اور عالمی قانون کی صریحا خلاف ورزی ہے۔وزیر خارجہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ کورونا وباء کے بحران کی آڑ میں بھارت نے مقبوضہ وادی میں لاک ڈائون مزید سخت کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت جموں وکشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی ’’فالس فلیگ‘‘ آپریشن اور کوئی نئی مہم جوئی کرسکتا ہے۔وزیر خارجہ نے جنگ بندی کی تمام خلاف ورزیوں کی مکمل رپورٹنگ کے ضمن میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت وپاکستان کے اہم کردار کی اہمیت پر زوردیا۔