بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کا امکان، فی یونٹ قیمت میں 2 روپے تک اضافہ متوقع

اضافے کی صورت میں عوام پر 162 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، نیپرا 3 جون کو حتمی فیصلہ کرے گا

muhammad ali محمد علی منگل 2 جون 2020 00:52

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کا امکان، فی یونٹ قیمت میں 2 روپے تک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون2020ء) بجلی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کا امکان، فی یونٹ قیمت میں 2 روپے تک اضافہ متوقع ، اضافے کی صورت میں عوام پر 162 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، نیپرا 3 جون کو حتمی فیصلہ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایسا وقت جب عوام کرونا وائرس بحران کے باعث شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں ایک مرتبہ پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے نیپرا کے پاس درخواست جمع کروائی گئی ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکتوبر سے دسمبر 2019ء کیلئے 73 ارب روپے سے زائد اور جنوری سے مارچ 2020ء کیلئے 89 ارب روپے سے زائد وصولی کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نیپرا نے 3 جون کو سماعت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے 3 جون کی سماعت کے دوران کمپنیوں کا موقف سننے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اگر نیپرا بجلی کمپنیوں کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے کی اجازت دیتا ہے تو اس سے عوام پر ہوشربا 162 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کی جانب سے منظوری دیے جانے کی صورت میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 2 روپے تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہاں واضح رہے کہ حال ہی میں ایک اسکینڈل سامنے آیا تھا کہ جس کے مطابق بجلی کمپنیاں اربوں روپے کا اضافہ منافع کما چکی ہیں۔ حکومت کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ بجلی کمپنیوں کیساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظرثانی کر کے بجلی کی قیمتوں میں کسی طرح کمی لائی جائے۔