بادشاہ سلامت سے لوٹ مار کا جواب مانگنے پر نیب برا ہوگیا، شہباز گل

جو مائیک توڑ کر کہتے تھے کہ کرپشن ثابت ہو تو پھانسی دے دیں ، اب وہ اپنے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کون ڈال گیا کا جواب دینے سے بھاگ رہے ہیں، معاون خصوصی

بدھ 3 جون 2020 21:38

بادشاہ سلامت سے لوٹ مار کا جواب مانگنے پر نیب برا ہوگیا، شہباز گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گل نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین سے لیکر چپڑاسی تک (ن) لیگ کے لگائے ہوئے ہیں تاہم آج نیب اس لیے براہوگیا کہ اس نے بادشاہ سلامت سے لوٹ مار کا جواب مانگ لیا۔

شہباز گل نے کہا کہ جو مکا لڑائی کے بعد یاد آئے اسے اپنے منہ پر مارلینا چاہیے، آج نیب اس لیے برا ہوگیا کہ اس نے بادشاہ سلامت سے لوٹ مار کا جواب مانگ لیا، 5 سال حکومت کے دوران نیب کی برائیاں کیوں نظر نہیں آئیں سارے جہاں کے قصے انہیں یاد ہیں سوائے اس کے کہ اکاؤنٹس میں اربوں کون ڈال گیا انہوں نے کہا کہ صرف یہ جواب دے دیں تو روز اِدھر اٴْدھر کی کہانی نہ سنانی پڑتی، جتنا مرضی رو پیٹ لیں، حساب تو دینا پڑے گا، جو مائیک توڑ کر کہتے تھے کہ کرپشن ثابت ہو تو پھانسی دے دیں تاہم اب وہ اپنے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کون ڈال گیا کا جواب دینے سے بھاگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز گل نے کہا کہ عمران خان سپریم کورٹ میں اپنی ایک ایک منی ٹریل جمع کروا چکے ہیں اور وہ پاکستان کے واحد سند یافتہ صادق اور امین ہیں، ان پر کرپشن کا الزام لگانا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن گئے جب آپ ججوں کو فون کر کے فیصلے لیا کرتے تھے، اب پہلی بار ملی بھگت کے بغیر کیس لڑنا پڑ رہا ہے۔