بھارت چین سرحدی تنازعہ کے حل کے لیے ٹرمپ کا مودی سے ٹیلیفونک رابطہ

بدھ 3 جون 2020 23:55

بھارت چین سرحدی تنازعہ کے حل کے لیے ٹرمپ کا مودی سے ٹیلیفونک رابطہ
نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھارت او رچین کے درمیان جاری سرحدی تنازعے کو حل کرنے کے حوالے سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایک ہفتہ قبل بھی اس تنازعہ میں ثالثی کا رول ادا کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم چین نے براہ راست اور بھارت نے بالواسطہ طورپر یہ تجویز مسترد کردی تھی۔

بدھ کو بھارتی وزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کے درمیان کئی امور پر بات چیت ہوئی، جس میں بھار ت چین سرحد پر موجودہ صورت حال کا معاملہ بھی شامل تھا۔اس پیش رفت کو اس لحاظ سے کافی اہم قراردیا جارہا ہے کہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت نے چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے حل کے لیے دوسرے ملکوں کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی کانگریس کی خارجہ امور سے متعلق کمیٹی نے بھارت اورچین کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے بھارت اور چین کی فوجیں شمال مشرقی ریاست سکّم اور لداخ کے سرحدی علاقوں میں آمنے سامنے کھڑی ہیں۔ دونوں طرف سے فوجیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، بعض واقعات میں متعدد فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 2017ء میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان ڈوکلام میں اسی طرح کا فوجی تعطل پیدا ہوگیا تھا جو 70 دنوں سے زیادہ وقت تک برقرار رہا تھا۔