پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئی

سندھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا جہاں مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد 34 ہزاز 577 ہو گئی ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 5 جون 2020 09:13

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون 2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ سندھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بن گیا جہاں مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد 34 ہزاز 577 ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل اضافے کے باعث 90 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کورونا سے متاثرین کی تعداد 89 ہزار 914 ہو گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان میں مزید 50 سے زائد افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 1835 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ کل تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 ہزار 921 تھی۔

(جاری ہے)

پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار کے قریب افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 89 ہزار 914 ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں ایک ہی دن میں رپورٹ ہونے والے کورونا کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد چین سے بھی تجاوز کر گئی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں ہے جبکہ کورونا سے اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب آگے ہے۔ سندھ میں اب تک مجموعی طور پر 34 ہزار 577 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب میں متاثرین کی تعداد 33 ہزار 144 ریکارڈ کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 890، بلوچستان میں 5 ہزار 582 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 852 ہے، آزاد کشمیر میں 325 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 544 ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 66 لاکھ 32 ہزار 985 ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 3 لاکھ 91 ہزار 136 ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔