وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں، 53 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 1125 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

اب تک 253806 مربع کلومیٹر (تقریباً 2.5 کروڑ ہیکٹر) رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ 5156 مربع کلومیٹر (تقریباً 515600 ہیکٹر) رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے

جمعہ 5 جون 2020 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں۔ 53 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 1125 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک 253806 مربع کلومیٹر (تقریباً 2.5 کروڑ ہیکٹر) رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ 5156 مربع کلومیٹر (تقریباً 515600 ہیکٹر) رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

جمعہ کو نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 127417، ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 3 اضلاع (بھکر، میانوالی اور ڈی جی خان) میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 110 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

اِس آپریشن میں 2227 سے زائد افراد اور 279 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر کے اضلاع میں 8379161 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 174290 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

صوبہ سندھ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 66012 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 2 اضلاع (نوشہروفیروز اور شہید بینظیر آباد) میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 290 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں387 افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 35ٹیموں اور 64 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ صوبہ بھر میں اب تک 3126604ہیکٹر ایریا پر سروے اور 38672 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 87220 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 9 اضلاع (ڈی آئی خان، ٹانک ،ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، پشاور اور خیبر)میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے 717 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں 927 سے زائد افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 80 ٹیموں اور 117 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔

صوبہ بھر میں اب تک 3573738 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 43840 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔ صوبہ بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 103509 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 33 اضلاع (خضدار، آوران، نوشکی، چاغی، گوادر، لسبیلہ، کیچ، پنجگور، خاران، واشک، کوئٹہ، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، ڈکی، ہرنائی، جعفرآباد، جھل مگسی، بولان، قلات، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللی، کوہلو، لورالائی، مستونگ، موسیٰ خیل، نصیر آباد، پشین، سبی، سراب، صحبت پور، ژوب اور زیارت)میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 2894 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا۔

اِس آپریشن میں تقریباً 1204 سے زائدافراد اور105سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر میں 9429166 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 293247 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔کنٹرول آپریشن کے دوران ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کے لیے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل اسپرے کے علاوہ غیر روائتی طریقوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔کاشتکار حضرات ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع دینے اور مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے نمبرز 051-9274980-2، 051-111-222-999 اور 0320-5800120-4 پر کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔