کرونا وبا پھیل رہی ہے،حکومتی سمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی ناکام ہوگئی ،لیاقت بلوچ

وفاق اور صوبے اور ریاستی ادارے مل کر ایک قومی ایکشن پلان بنائیں اور انسانی جانوں کا تحفظ کیا جائے، نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 5 جون 2020 23:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں پروفیسر نعمت اللہ بٹ کے جنازہ کی امامت کی اور وفد و صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا پھیل رہی ہے ۔حکومتی سمارٹ لاک ڈائون حکمت عملی ناکام ہوگئی ۔صرف مساجد میں ہی ضابطوں کی پابندی ہے ملک بھر میں دیگر مقامات پر نہ ضابطوں کی پابندی ہے اور نہ ہی یہ ممکن ہے۔

وفاق اور صوبے اور ریاستی ادارے مل کر ایک قومی ایکشن پلان بنائیں اور انسانی جانوں کا تحفظ کیا جائے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات بہت ہی بگڑ چکے ہیں ۔بھارتی فاشزم بڑی تباہی اور المیے رونما کررہا ہے ۔اقوام متحدہ کا ادارہ سلامتی کونسل فوری نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی جبر ،ظلم اور ناجائز قبضہ سے نجات دلائے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ٹڈی دل حملے،بارشیں،ژالہ باری سے فوڈ سیکورٹی کو بڑے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔وفاق اور پنجاب حکومت ٹڈی دل انسدادی پروگرام میں بری طرح ناکام ہیں۔فوج کو ہی اس محاذ پر بھی کردار ادا کرنا پڑرہا ہے۔آخر عوام سول اور جمہوری حکومت سے اورکیا توقع رکھیں۔ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ اور حکومت بھارتی عزائم کے مقابلہ کے لیے ملک کے اندر سیاسی پوائنٹ سکورنگ بند کرے۔قومی سلامتی کو بھارت سے لاحق خطرات کے مقابلہ کے لیے پوری قومی قیادت کو متحد کرے اور متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے ۔قومی سلامتی کے تحفظ اور مودی فاشزم کے مقابلہ کے لیے عمران خان کو اپنی ضد اور میں ناں مانوںکی روش کوختم کرنا ہوگا