پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کر گئی

ایک ہی دن میں ریکارڈ 97 اموات کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 1935 ہو گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر ہفتہ 6 جون 2020 08:41

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کر ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون 2020ء) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پاکستان میں مہلک وائرس سے مجموعی طور پر 93 ہزار 606 افراد متاثر جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 32 ہزار سے زائد ہے۔ ایک ہی دن میں ریکارڈ 97 اموات کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 1935 ہو چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ گزشتہ کچھ روز سے اموات کی تعداد میں بھی یومیہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 93 ہزار 606 ہو گئی ہے جبکہ وائرس زدہ 1935 افراد جان کی ہار چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب میں مزید 8180 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 2164 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 35308 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔ تازہ اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد سندھ سے بھی بڑھ گئی ہے، سندھ میں کورونا کے متاثرین کی تعداد اس وقت 34 ہزار 889 ہے۔ علاوہ ازیں خیبر پختوانخوا میں کورونا کے کیسز کی تعداد 12 ہزار 459 ہے جبکہ بلوچستان میں 5776 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستان میں مجموعی طور پر وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 32 ہزار 571 ریکارڈ کی گئی ہے۔ مزید برآں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ بی بی سی اردو کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے متاثرین میں اضافے کے بعد انتظامیہ نے تقریباً نو علاقوں کو سِیل کر دیا ہے۔ 
  واضح رہے کہ گزشتہ روز تک پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 89 ہزار 914 ریکارڈ کی گئی تھی۔