بزدار حکومت کا صوبے کے عوام کو سہولت دینے اور گڈگورننس کی جانب ایک اور احسن اقدام

وزیراعلیٰ نے ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈولنگ نظام کا افتتاح کر دیا آن لائن ٹائم شیڈول کے ذریعے شہری گھر بیٹھے ڈرائیونگ سینٹرز میں لائسنس کیلئے وقت اور تاریخ حاصل کرسکیں گے ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے ٹائم شیڈول نظام کو دیگر شہروں تک بڑھانے کا اعلان

ہفتہ 6 جون 2020 17:53

بزدار حکومت کا صوبے کے عوام کو سہولت دینے اور گڈگورننس کی جانب ایک اور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکا صوبے میں عوام کی سہولت اور گڈگورننس کے فروغ کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈولنگ نظام کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈول کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی سے عوام کو آسانی ہوگی۔کورونا کے باعث ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔آن لائن ٹائم شیڈول کے ذریعے شہری گھر بیٹھے لاہور کے 18 ڈرائیونگ سینٹرز میں لائسنس کے حصول کیلئے وقت اور تاریخ حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو جرمانوں کی آن لائن ادائیگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کے اجراء پر مبارکباد دیتا ہوں۔

جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ہماری پالیسی ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر پریشانی سرکاری امور میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔ کورونا کی وجہ سے بینکوںکے اوقات کارمحدود ہیں اور عوام کو ٹریفک چالان جمع کرانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے سٹی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کا سسٹم متعارف کراکے لیڈ لی ہے ۔

پنجا ب حکومت شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام کو پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کا دائرہ کار بھی دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ ون لنک اے ٹی ایم مشین،موبائل ایپلیکیشن،انٹرنیٹ بینک کے ذریعے باآسانی ٹریفک جرمانہ ادا کیا جاسکتا ہے اور کسی بھی بینک برانچ کے کاؤنٹر پر بھی آن لائن ادائیگی کی جاسکے گی۔

ان اقدامات سے سماجی فاصلوں پر عملدر آمد یقینی بنایاجاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ ریونیو وصولی میں مزید شفافیت آئے گی اور ٹریفک قوانین کو باربار توڑنے کے عادی افراد کا ریکارڈ خود بخود مرتب ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری یہ سہولت راستہ ایپ ،ویب پورٹل اور کال سینٹرکے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔

اگر کوئی شہری انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں جانتا تو وہ قریبی ڈرائیونگ لائسنس سینٹر پر جاکر تاریخ اوروقت لے سکتا ہے۔ ہمارے ان اقدامات کے ذریعے نہ صرف لمبی لمبی قطاروں اور طویل انتظار کی زحمت سے چھٹکارا ملے گا بلکہ سروس ڈلیوری میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیجیٹل دور میں داخل ہوچکا ہے۔ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آئندہ بھی عوام کی سہولت اورسروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کرتے رہیںگے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتری لانے کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے پر ٹریفک وارڈنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ٹریفک وارڈنز کی پروموشن اور دیگر مسائل حل کئے جائیں گے اور ٹریفک وارڈنز کو اچھی کارکردگی پر انعام دیا جائے گا۔ انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سیکرٹری اطلاعات، سی ٹی او لاہور اور متعلقہ حکام نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔