بحرین میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع ہو گئی

گزشتہ پانچ روز میں 450 افراد کو ماسک نہ پہننے پر جرمانے کیے گئے، دیگر خلاف ورزیوں پر تین ماہ کی قید بھی ہونے لگی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 جون 2020 18:20

بحرین میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع ہو گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 جون2020 ء) بحرین میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونے لگے۔گزشتہ پانچ روز میں 450 افراد کو ماسک نہ پہننے پر جرمانے کیے گئے۔ پولیس کی جانب سے خاص طور پر گنجان آباد علاقوں، اہم سڑکوں، بازاروں اور شاپنگ مالز میں ماسک کے حوالے سے خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جہاں کوئی فرد ماسک کے بغیر نظر آتا ہے، اس پر فوری طور پر مقدمہ درج کر کے اس پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

مملکت میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ماسک کی خاص طور پر پابندی کروئی جا رہی ہے۔ لوگوں کو بازاروں، پارکس، دکانوں میں سماجی فاصلے کی تلقین کی گئی ہے ، اس کے علاوہ ماسک پہننے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ جبکہ پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

کورونا متعلق احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر کم از کم تین ماہ قید کی سزا سُنائی جا رہی ہے، جبکہ 1 ہزار بحرینی دینار سے لے کر 10 ہزار دینار تک کا جرمانہ بھی عائد کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل بحرین کے ایک خاندان کے 16 افراد کورونا سے متاثر ہو گئے تھے۔ میڈیا کے مطابق ایک بحیرینی خاندان افطار کی دعوت پر اکٹھا ہوا۔ ان میں سے ایک شخص کورونا سے متاثرتھا، جس کی وجہ سے افطار کی اس تقریب میں موجودتمام افراد کورونا سے متاثر ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق ان افراد نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اجتماعی دعوت میں شرکت کی۔ اس دوران سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کیا گیا، جبکہ ماسک اور گلوز پہننے جیسی احتیاطی تدابیر بھی اختیار نہ کی گئیں، جس کا نتیجہ اس خاندان کے 16 افراد میں کورونا کی تشخیص کی صورت میں ظاہر ہوا ہے۔ متاثرہ افراد میں بچوں کے علاوہ بوڑھے بزرگ بھی شامل ہیں۔