بلدیہ اعلیٰ سکھر کا مالی سال 2020-21 کا بجٹ پیش کردیا گیا ‘ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حجم کا تخمینہ 3 ارب 54 کروڑ 45 لاکھ 91 ہزار 695 روپے لگایا گیا

ہفتہ 27 جون 2020 23:16

سکھر۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2020ء) بلدیہ اعلیٰ سکھر کا مالی سال 2020-21 کا بجٹ پیش کردیا گیا ‘ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حجم کا تخمینہ 3 ارب 54 کروڑ 45 لاکھ 91 ہزار 695 روپے لگایا گیا ہے ‘ مالیاتی سال 2020-21 میں سکھر میونسپل کارپوریشن کو OZT کی مد میں موصول ہونے والی رقم کا تخمینہ ایک ارب 35 کروڑ 22 لاکھ 48 ہزار 2 سو روپے لگایا گیا ہے جبکہ اپنے ذرائع آمدن سے 14 کروڑ 84 لاکھ 89 ہزار 401 روپے کی آمدنی متوقع ہے ۔

سکھر میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت پیر الٰہی بخش ٹاور میں منعقد ہوا جو مسلسل تین روز جاری رہا ‘ اجلاس میں ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ‘ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ ‘ یوسی چیئرمینز ‘ خواتین اراکین سمیت میونسپل افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اکائونٹس آفیسر یوسف ملک نے موجودہ بلدیاتی نظام کا چوتھا بجٹ پیش کرتے ہوئے جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں کے اہم خد و خال سے اراکین کو آگاہ کیا ‘ انہوں نے بتایا کہ ہم نے جاری ترقیاتی اسکیموں کیلئے 72 کروڑ 27 لاکھ 83 ہزار ایک سو روپے جبکہ نئی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 45 کروڑ روپے مختص کئے ہیں ‘ واجبات کی ادائیگی کے لئے 15 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے ‘ اسی طرح نئے اخراجات ( SNE) کیلئے 31 کروڑ 92 لاکھ 825 روپے مختص کئے گئے ہیں۔

بجٹ اجلاس کے آخری سیشن میں اراکین کونسل نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سراہا اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا ‘ اعلیٰ کارکردگی پر اراکین نے میئر کے اعزاز میں اپنی سیٹوں سے اٹھ کر ڈیسک بجائے اور تعریفی کلمات ادا کئے اور ان کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی ‘ میئر سکھر اور اراکین کی جانب سے ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان کے کو آپریٹو رویے اور ذمہ داریاں خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے نبھانے پر ان کے کردار کو بھی سراہا گیا ۔

اجلاس کے دوران ٹریفک کی روانی میں خلل کے باعث XEN سہیل احمد میمن کی تجویز پر شہر کی خوبصورتی کے لئے بننے والے مونومنٹس کے ڈیزائنز اور مقامات میںرد و بدل کی قرارداد منظور کرلی گئی جبکہ اراکین کی تجاویز پر اہم چوراہیں اور مقامات شہر کیلئے خدمات انجام دینے والی معزز شخصیات کے نام کردیئے گئے ‘ شکاپور پھاٹک پر بننے والے مونومنٹ کو نثار صدیقی چوک کے نام سے منسوب کردیا گیا ‘ ایئرپورٹ روڈ کا نام تبدیل کر کے سید خورشید احمد شاہ روڈ جبکہ مہران کلچرل کمپلیکس کو سینیٹر اسلام الدین شیخ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ‘ دعا چوک کا نام تبدیل کر کے قاری خلیل احمد اور ورکشاپ چوک کا نام تبدیل کر کے سرہیو چوک رکھنے کی تجاویز متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔

ممبران کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مطالبے پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ہائوس کو بتایا کہ فراہمی آب کے حوالے سے درپیش مسائل میں سے ہم نے پانی کی مقدار اور سپلائی کا مسئلہ حل کرلیا ہے ، بعد ازاں بحث کے بعد مالی سال 2020-21 کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔