ایران نے قاسم سلیمانی کے قتل پر ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

ایران نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی حوالگی کے لیے انٹرپول کو درخواست دے دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 جون 2020 16:51

ایران نے قاسم سلیمانی کے قتل پر ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 29جون2020ء) ایرانی جنرل سلیمانی کے قتل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایران نے جنرل سلیمانی کے قتل کے الزام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں، ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حوالگی کے لیے انٹرپول کو درخواست دے دی ہے۔ایران نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے انٹرپول سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر درجنوں افراد کو حراست میں لینے میں مدد کرنے کی درخواست کی.تہران کے پراسیکیوٹر علی القاسمہر نے پیر کے روز کہا کہ ٹرمپ پر 3 جنوری کو ہونے والے حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ان پر جنرل قاسم سلیمانی کا قتل ، "قتل و غارت گری اور دہشت گردی کے الزامات ہیں۔پراسیکیوٹر کے مطابق ایران ٹرمپ کی صدارت کے خاتمے کے بعد بھی ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

فرانس کے شہر لیون میں مقیم انٹرپول نے فوری طور پر ایران کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا۔امریکی صدر و دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے رڈ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ریڈ نوٹس کے تحت مقامی حکام اس ملک کی طرف سے گرفتاری کرتے ہیں جس نے درخواست کی ہوتی ہے۔یاد رہےقاسم سلیمانی ایرانی میجر جنرل تھے۔ جو امریکی فوج کے ہاتھوں 3 جنوری 2020 کو ہلاک ہو جانے تک سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بازو قدس فورس کے سپہ سالار اعلی کے عہدے پر فائز تھے۔ایران عراق جنگ کے دوران وہ لشکر 41 ثاراللہ کرمان کی قیادت کر رہے تھے۔

وہ 24 جنوری 2011 کو میجر جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ سید علی خامنه‌ای، رهبر جمهوری اسلامی ایران نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں شہید زندہ کا خطاب دیا۔ اور بعد از مرگ انہیں لیفٹینٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی۔ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاک کے بعد ایران اور امریکا میں حالات کشیدہ ہو گئے جس کے بعد خطے میں جنگ کے خطرات بڑھ گئے تھے۔ جس کے بعد امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے ایران نے دھمکی دی تھی کہ اگر القدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے امریکیوں کو قتل کیا تو ان کا حال بھی جنرل قاسم سلیمانی جیسا ہو گا۔

جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے جنرل اسماعیل قاآنی کو القدس فورس کا نیا کمانڈر جنرل مقرر کیا جنہوں نے اپنے پیش رو قاسم سلیمانی کی پالیسوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔