بھارت مجھے اقتدار سے ہٹانے کی سازش کررہا ہے، کامیاب نہیں ہوگا، نیپالی وزیراعظم

آپ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ نیپالی قوم کمزور نہیں ہے کہ بیرونی فورسز اس کو الٹ دیں گی، کے پی شرما اولی

پیر 29 جون 2020 23:44

بھارت مجھے اقتدار سے ہٹانے کی سازش کررہا ہے، کامیاب نہیں ہوگا، نیپالی ..
کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2020ء) نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے بھارت پر الزام عائد کردیا ہے کہ انہیں ہٹانے کیلئے سیاسی حریف کے ساتھ مل کر سازش کی جارہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کے پی شرما اولی نے ایک سرکاری تقریب کے دوران کہا کہ مجھے اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہیں لیکن وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق انہوںنے کہاکہ میں خفیہ چلنے والی تحریک کو جان چکا ہوں، سفارت خانوں اور ہوٹلوں میں مختلف قسم کی سرگرمیاں ہوتی رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نئی دہلی کے میڈیا کو سن رہے ہیں تو آپ کو اس کا اشارہ مل جائیگا۔نیپالی وزیراعظم کا بیان پارلیمنٹ کی جانب سے لیپولیکھ پہاڑیوں، کالاپانی اور لیمیادھورا کو اپنے نقشے میں شامل کرنے کی منظوری کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق نیپال کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ نیپالی قوم کمزور نہیں ہے کہ بیرونی فورسز اس کو الٹ دیں گی۔

انہوںنے کہاکہ ہم اپنے نقشے کو تبدیل کرچکے ہیں اور اگر ملک کے وزیراعظم کو ہٹا دیا جاتا ہے تو وہ نیپال کے لیے ناقابل فہم ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے پی شرما اولی اور کمیونسٹ پارٹی کے ایگزیکٹو چیئرپرسن پشپا کمال داہل پراچندا کے درمیان پارٹی کی قیادت پر اختلافات پیدا ہوئے تھے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات پارٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں بھی سامنے آئے تھے جہاں اولی کو پارٹی کے دو اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر تنقید کاسامنا کرنا پڑا تھا جبکہ گزشتہ اجلاس میں انہوں نے مختصر شرکت کی تھی۔