Live Updates

وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ ان کے سوا کوئی آپشن نہیں، ولید اقبال

میں عشائیہ میں موجود تھا، چشم دید گواہ کے طور پر کہتا ہوں اور اس کو جھٹلاتا ہوں کہ وزیراعظم نے پوری تقریر میں اس طرح کا ایک لفظ بھی نہیں بولا، رہنما تحریک انصاف

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 30 جون 2020 10:18

وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ ان کے سوا کوئی آپشن نہیں، ولید اقبال
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30جون2020ء) وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ ان کےسوا کوئی آپشن نہیں۔ حالیہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیے سے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کا ایک بیان گردش کر رہا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اب پاکستان کے پاس میرے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ تا ہم اب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے اس بات کا مسترد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عشائیہ میں موجود تھا، چشم دید گواہ کے طور پر کہتا ہوں اور اس کو جھٹلاتا ہوں کہ وزیراعظم نے پوری تقریر میں اس طرح کا ایک لفظ بھی نہیں بولا، میں نے پوری تقریر سنی ہے، اس طرح کی بات وزیراعظم عمران خان نے کی ہی نہیں۔
ولید اقبال کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عشائیے میں موٹیوشنل تقریر کی تھی جس میں انہوں نے اس بات کا ذکر کیا تھا کہ جب سے ہم حکومت میں آئے ہیں، ہمیں یہی کہا جاتا ہے کہ یہ حکومت اس مارچ میں جا رہی ہے اس مہینے میں جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے چلنے والی خبروں میں بتایا جا رہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جو مرضی کرلیں، میرے سوا کوئی چوائس نہیں، روز صبح خبرملتی ہے آج جا رہا ہوں، کل جا رہا ہوں، اگر ان سے سمجھوتہ کرلوں تو 5سال بڑی آسانی کے ساتھ پورے کرسکتا ہوں۔ انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ کے موقع پر حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے خطاب کیا تھا۔

عشائیے میں وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کے تحفظات اور مسائل سنے۔ وزیراعظم نے تمام حکومتی و اتحادی اراکین کو بجٹ سے متعلق بریفنگ دی۔ معاشی اہداف اورمشکلات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں مہاتیر محمد کی بھی مثالیں دیں۔ ملائیشیا کے مہاتیر محمد اسٹیٹس کو کے خلاف ہار گئے۔ مہاتیرمحمد جیسا94 سال کا بندہ آخرمافیا کے سامنے ہار گیا۔

ہم اسٹیٹس کو کیخلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روز صبح خبرملتی ہے آج جا رہا ہوں، کل جا رہا ہوں، لیکن میرے سوا کوئی چوائس نہیں ہے، موجودہ جمہوری نظام میں ہماری حکومت کے سوا کوئی چوائس نہیں ہے۔ تا ہم ان کے اس بیان کے بعد اپوزیشن سمیت دیگر حلقوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، لیکن اب رہنما تحریک انصاف ولید اقبال نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عشائیہ میں موجود تھا، چشم دید گواہ کے طور پر کہتا ہوں اور اس کو جھٹلاتا ہوں کہ وزیراعظم نے پوری تقریر میں اس طرح کا ایک لفظ بھی نہیں بولا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات