بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ کے مختلف اضلاع میں اشیاء خوردو نوش کے مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ تسلسل سے جاری

منگل 30 جون 2020 23:45

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ کے مختلف اضلاع میں اشیاء خوردو نوش کے مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے حب شہر میں کارروائی کے دوران ممنوعہ و مضر صحت گٹکا ماوا بنانے والی فیکٹری سیل کرتے ہوئیجرمانہ عائد کر دیا۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق مذکورہ فیکٹری میں بڑے پیمانے پر گٹکا ماوا کی پروڈکشن کی جا رہی تھی، بعد ازاں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کے دوران موجود اسسٹنٹ کمشنرحب روحانہ گل کی موجودگی میں فیکٹری سے برآمد ہونے والا گٹکا ماوا کی بڑی مقدار بشمول چھالیہ و پیکنگ مٹیریل موقع پر تلف کر دیا گیا،حب شہر اور کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر قائم کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات غیر معیاری اور مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز و دیگر غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور گندی مشینری پر ایک بیکنگ یونٹ سیل کرتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کیا، چار ہوٹلوں کو صفائی کی ابتر صورتحال خراب سبزیوں کی موجودگی گندے کچن و نا مناسب اسٹوریج جبکہ ایک پان شاپ کو ممنوعہ و مضر صحت گٹکا پان پراگ فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں پنجگور میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر نگہت دین کی سربراہی میں کھانے پینے کے متعدد مراکز کا معائنہ کیا اور اشیاء کی کوالٹی و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا،فوڈ سیفٹی حکام نے مراکز میں صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے مالکان کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی جبکہ لوگوں کے لیے معیاری و محفوظ خوراک کی تیاری و فروخت سے متعلق ہوٹلوں،جنرل سٹورز،بیکرز اور نان شاپس مالکان و عملے کو آگاہی دی گئی جبکہ انہیں بی ایف اے کے مقررہ اسٹینڈرز اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تمام احتیاطی تدابیر و ضروری اقدامات پر مبنی خصوصی ایس او پیز بھی دیے گئے۔