وزیرہوابازی غلام سرور کو عہدے سے برطرف کرنے کی درخواست مسترد

وفاقی وزیرکےبیان سےملک کانقصان ہواتوایکشن لیناوزیراعظم کا اختیار ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 1 جولائی 2020 15:57

وزیرہوابازی غلام سرور کو عہدے سے برطرف کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01جولائی2020ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیرہوابازی غلام سرور کو عہدے سے برطرف کرنے پر کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کو مستر کر دیا ہے جس کے بعد عدالت کی جانب سے ریمارکس دیئے گئے ہیں کہ وفاقی وزیرکےبیان سےملک کانقصان ہواتوایکشن لیناوزیراعظم کا اختیار ہے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فیصلہ 8 صفحات پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تحریر کیا۔جس کےمطابق عدالت نے وفاقی وزیر غلام سرور خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ خیال رہے کہ آج کل وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں گردش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حال ہی میں انہوں نے پی آئی اے میں پائلٹس کی جعلی بھرتیوں پر سوال بلند کیا تھا۔

یہ رپورٹ انہوں نے حالیہ کراچی میں ہونے والے حادثے کے بعد دی تھی جس کے بعد ہر طرف ہلچل مچ گئی تھی۔ تاہم بعد میں رپورٹ میں نامزد پائلٹس کو بھی گراؤنڈ کر دیا گیا تھا لیکن پاکستان کو اس کا بڑا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ حال ہی میں یورپی یونین ایئرسیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن6 ماہ کیلئے معطل کردیا تھا، ، آپریشن معطل ہونے پر پی آئی اے نے بھی پروازیں عارضی طور پرمنسوخ کردیں تھیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپین یونین ائیرسیفٹی ایجنسی کے خدشات دورکرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا تھا کہ جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے، وہ چاہیں تو بکنگ آگے کرالیں یا ریفنڈ حاصل کرلیں۔ دوسری جانب پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے اسکینڈل کے بعد قومی ایئرلائن کا جعلی ٹکٹ سکینڈل بھی سامنے آگیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے عہدیداروں نے یورپ کے لیے خصوصی پروازوں کی جعلی ٹکٹس کی فروخت میں تقریباً 80 لاکھ روپے کمائے ہیں. پی آئی اے سیالکوٹ دفتر میں کچھ عہدیداروں نے رقم بنانے کے لیے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اٹلی اور پیرس کے لیے خصوصی پروازوں میں 50 یا اس سے زائد پرانے ٹکٹ ہولڈرز کو جگہ دی جبکہ پالیسی کے مطابق پی آئی اے کووڈ 19 وبا سے پہلے جاری ہونے والے ٹکٹس کے حامل مسافروں کو کسی مقام کے لیے ایڈجسٹ نہیں کرسکتی۔ تا ہم اس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیرہوابازی غلام سرور کو عہدے سے برطرف کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی جسے آج عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔