لاہور، احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سمیت منی لانڈرنگ کیس شہباز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز

آئندہ سماعت 15 جولائی تک کے لئے ملتوی

بدھ 1 جولائی 2020 21:55

لاہور، احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سمیت منی لانڈرنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سمیت منی لانڈرنگ کیس میں ملوث اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے آئندہ سماعت 15 جولائی تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میںسابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 جولائی تک توسیع کر دی ہے۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس پر سماعت کی۔ بدھ کے روز عدالتی سماعت پرحمزہ شہبازشریف کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز شریف نے روسٹرم پر حاضری لگوائی۔ عدالت کے استفسار پر نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس جلد ہی دائر کر دیا جائے گا جبکہ حمزہ شہباز کے شریک ملزمان کی مزید تفتیش جاری ہے، نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاہورہائیکورٹ میں 07جولائی کو سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی درخواست ضمانت لگی ہوئی ہے، نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے،ریفرنس نیب چیئر مین کی منظوری کے بعد جلد دائر کر دیا جائے گا، نیب پراسکیوٹر نے بتایا کہ نیب نے حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات الزام میں گرفتار کیا تھا، حمزہ شہباز کے اثاثہ جات ان کی آمدنی سے زائد ہیں جن کی نیب 2003ء سے 2007ء کے درمیان بننے والے اثاثہ جات کی تفتیش کر رہا ہے، نیب پراسکیوٹر کے دائر استغاثہ کے مطابق حمزہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے خطیر رقم بیرون ملک بھجوائی، نیب پراسکیوٹر کے مطابق حمزہ شہباز کو بیرون ملک سے 18 کروڑ 10 لاکھ کی رقم منتقل ہوئی۔

گزشتہ روز سماعت کے موقع پر نیب نے حمزہ شہباز شریف کو جیل سے لاکر عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینکڑوں کارکن رہنما عدالت کے باہر موجود تھے وہاں لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بھی کارکنوں کو آنے سے روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر رکھی تھی۔ جبکہ احتساب عدالت کی جانب جانیوالے راستوں کو کنٹینرز اور مختلف رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر رکھا تھا۔ حمزہ شہباز کی آمد پر کارکنوں ن حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے شیر شہر کے نعرے لگائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔