مندر کی تعمیر مساجد کی شہادت اور صحابہ کی توہین برداشت نہیں کرینگے،متحدہ علماء محاذ

300علماء کی اجتماعات جمعہ میں حکومت کے خلاف مذمتی قراردادیں ،یہودی سازش قرار

جمعہ 3 جولائی 2020 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل 300سے زائد مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نے اجتماعات جمعہ میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مندر کی تعمیر مساجد کی شہادت اور صحابہ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، علماء نے اسے یہودی ،امریکی ،اسرائیلی ،بھارتی سازشوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے مذمتی قراردادیں منظور کرائیں اورحکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ مندر کی تعمیر اور مساجد کی شہادت کا اشتعال انگیز سلسلہ فوری بند کیاجائے۔

علماء نے مندر کی تعمیر کے خلاف چوہدری پرویز الٰہی کے حق پرستانہ موقف کی تائید کی اور مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں شہید کی گئی مسجد توحید کو سرکاری خرچ پر ازسرنو تعمیر اور گرفتار شدگان امام مسجد اور ان کے دو بیٹوں کو فوری رہااور مقدمات ختم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

علامہ احسان الٰہی ظہیر کے صاحبزادے علامہ ابتسام الٰہی ظہیر کی جدوجہد کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔

اگر حکومت نے اپنے غیر شرعی ،غیر آئینی اقدامات فوری واپس نہ لئے تو ملک میں خانہ جنگی اور قانون ہاتھ میں لینے کی ناخوشگوار فضاء پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔موجودہ حکومت حق حکمرانی سے محروم ہوچکی ہے۔ حکومتی منفی اقدامات سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔علماء نے کہا کہ اصحاب رسولؐ و اہل بیت اطہارؓ کے دشمنوں کا ہر سطح پر محاسبہ کیاجائے گا۔

حکومتی منفی پالیسیوں نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیاہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور کے الیکٹرک کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔اجتماعات جمعہ سے علامہ عبدالخالق فریدی، مولانا محمدامین انصاری، پروفیسر حافظ محمد سلفی، مولانا انتظارالحق تھانوی،مولانا یوسف قصوری،علامہ روشن دین الرشیدی، علامہ سید عقیل انجم، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،شیخ الحدیث مفتی محمد یونس صدیقی،مولانا ڈاکٹر سعید احمد صدیقی، مفتی محمد بخاری، مفتی وجیہہ الدین، مولانا مفتی احسن سلفی،مولانا طفیل محمدی،مولانا عبدالعظیم حسن زئی، مفتی راشد،مولانا سلیم اللہ ترکی، علامہ شاہدین اشرفی، مفتی شبیراحمدعثمانی،علامہ علی کرارنقوی، علامہ قرة العین عابدی،علامہ سید سجاد شبیررضوی،مفتی اکبرشاہ ودیگر نے مکران بلوچستان کے قبائلی رہنمااور ممتاز عالم دین مولانا مجیب الرحمن ضامرانی اور ان کے بھتیجے انس ضامرانی کی کراچی میں ظالمانہ شہادت کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔