پی کی41- میں دو سال کے دوران ہم نے وہ کچھ کر دیا جو ماضی کے 30 سالوں میں بھی نہیں ہو سکا، ارشد ایوب خان

ہفتہ 4 جولائی 2020 15:18

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (ڈیڈک) ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ حلقہ پی کی41- میں دو سال کے دوران ہم نے وہ کچھ کر دیا جو ماضی کے 30 سالوں میں بھی نہیں ہو سکا، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی سمیت سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش ہر مسئلہ کو حل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، تحصیل خانپور کو ہزارہ کی ماڈل تحصیل بنا کر دم لیں گے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو ٹی ایم اے آفس خانپور کے دورہ کے موقع پر سابق بلدیاتی نمائندوں اور اہلیان علاقہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر معروف سماجی شخصیت ساجد ندیم، سابق ناظم ارشاد چیئرمین، سابق ممبر ضلع کونسل ملک غلام مصطفیٰ، سابق تحصیل ممبر مسلم آباد حاجی نزاکت، معروف سیاسی و سماجی کارکن ملک نثار، سابق ناظم وی سی ممرہال شبیر عباسی سمیت اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ارشد ایوب خان نے کہا کہ ٹی ایم اے خانپور کو کورونا و ڈینگی سپرے کیلئے جدید رکشہ گاڑیوں کے بعد اب کچرا اٹھانے کیلئے نئی جدید سوزوکی پک اپ گاڑیاں فراہم کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 41 تعمیر و ترقی کی اس راہ پر گامزن ہو چکا ہے جس کا خواب اس علاقہ کے عوام نے دیکھا تھا۔