متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 50ہزار سے بڑھ گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناکے716 کیسز رپورٹ ہوئے،3 کورونا مریض دم توڑ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 4 جولائی 2020 17:19

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 50ہزار سے بڑھ گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسزمیں دوبارہ تیزی آ گئی ہے۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ امارات میں کورونا مریضوں کی یومیہ تعداد 400 سے بڑھ کر 700 سے زائد ہو گئی ہے۔ ۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 716 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی50,857 ہو گئی ہے۔

جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 11ہزار کے لگ بھگ ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 704 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے39,857 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے 3افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 321 ہو گئی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران کورونا کے مزید71 ہزار ٹیسٹ لیے گئے۔

(جاری ہے)

اب تک مجموعی طور پر35 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔ واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔