کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنیوالوں کا دو سال بعد ہی پی ٹی آئی حکومت کو ناکام قرار دینا مضحکہ خیز ہے‘ جمشید اقبال چیمہ

سیاسی مخالفین جو امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں ان پر ہمیشہ کی طرح پانی پھر جائے گا‘ مرکزی سیکرٹری جنرل انصاف ویلفیئر ونگ

منگل 7 جولائی 2020 12:18

کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنیوالوں کا دو سال بعد ہی پی ٹی آئی حکومت کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2020ء) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ملک پر کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دو سال بعد ہی تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام قرار دینا مضحکہ خیز ہے،سیاسی مخالفین جو امیدیں لگا کر بیٹھے ہیں ان پر ہمیشہ کی طرح پانی پھر جائے گا ،معاشی مشکلات میں بے پنا ہ اضافے کے باوجود آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسی شعبے پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 127کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور آگے بڑھ رہی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان ہی انشا اللہ پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکالیں گے ،ہم ہرگز مایوس نہیں اور انشا اللہ کورونا وائرس کی وباء تھم جانے کے بعد ترقی کی رفتار کو دوبارہ بڑھایا جائے گا اور پانچ سال میں حکومت کی کارکردگی یقینی طو رپر متاثر کن ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے بکھرتے ہوئے شیرازے کی فکر کریں جو دوبارہ کبھی اکٹھی نہیں ہوسکیں گی ۔