سانحہ آرمی پبلک اسکول سے متعلق انکوائری کمیشن نے سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ کو بھیج دی

سانحہ میں شہید بچوں کے والدین سمیت 132 افراد کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ہیں، سربراہ کمیشن

جمعرات 9 جولائی 2020 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) سے متعلق انکوائری کمیشن نے سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ کو بھیج دی ہے۔ترجمان اے پی ایس کمیشن عمران اللّٰہ کے مطابق کمیشن کی رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کردی گئی ہے۔عمران اللّٰہ نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ 3 ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان اے پی ایس کمیشن نے کہا کہ سانحہ میں شہید بچوں کے والدین سمیت 132 افراد کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیشن نی101 گواہان،31 پولیس، آرمی اور دیگر افسران کے بیانات ریکارڈ کئے۔سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے شہداء کے والدین کی درخواست پر 2018 میں کمیشن تشکیل دیا گیا تھا، کمیشن کی سربراہی پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد ابراہیم خان نے کی۔