حکومت پنجاب کے دو سال مکمل، تبدیلی صرف بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ تک محدود رہی

6تین بار چیف سیکرٹری، 4بار آئی جی پولیس، تین تین بار لاہور اور ڈی جی خان کے کمشنرز جبک، 14 دیگر محکموں کے سیکرٹریز کو تین سے آٹھ مرتبہ تبدیل کیا گیا ،رپورٹ

بدھ 22 جولائی 2020 23:16

ًاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2020ء) حکومت پنجاب کے دو سال مکمل، تبدیلی صرف بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ تک محدود رہی، تین بار چیف سیکرٹری، 4بار آئی جی پولیس، تین تین بار لاہور اور ڈی جی خان کے کمشنرز جبکہ 14 دیگر محکموں کے سیکرٹریز کو تین سے آٹھ مرتبہ تبدیل کیا گیا۔ حکومت پنجاب نے اگست 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ستمبر 2018 اور نومبر2019 کو وسیع پیمانوں پر تبادلوں کے دو رائونڈ مکمل کر کے بیوروکریسی میں ہلچل مچا دی تھی۔

میڈیارپور ٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ان کی کابینہ کو اقتدار سنبھالے دو سال کا عرصہ مکمل ہو چکا ہے۔ حکومت پنجاب نے اگست 2018 کو اقتدار میں آنے پر صوبائی کابینہ تشکیل دی جس کے فوری بعد سول اور پولیس بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر تبادلوں کا پہلا رائونڈ سمتبر 2018 جبکہ نومبر 2019میں دوسرا رائونڈ مکمل کر کے بیوروکریسی میں ہلچل مچادی تھی۔

(جاری ہے)

پنجاب کابینہ میں وزیراطلاعات کو تین بار تبدیل کیا گیا لیکن گھوم پھر کر قرعہ فال فیاض الحسن چوہان کے نام ہی نکلا۔ پہلے محکمہ خوراک سمیع الحق چوہدری کے پاس تھا بعد میں سینئر وزیر علیم خان کو وزیرخوراک بنا دیا گیا۔بیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد علیم خان اور سبطین خان مستعفیٰ ہوئے لیکن ضمانتیں منظور ہونے کے بعد علیم خان کو سینئروزیر کے ساتھ ساتھ خوراک کا قلم دان سونپا گیا جبکہ سبطین خان کو محکمہ جنگلات مل گیا۔

حال ہی میں صوبائی کابینہ کے وزیر اسد کھوکھر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ موجودہ حکومت نے حلف اٹھانے کے بعد اکبر حسین درانی کو تبدیل کر کے یوسف نسیم کھوکھر کو پہلا چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کیا بعد ازاں یوسف نسیم کھوکھر اور اعظم سلیمان کو تبدیل کر کے جواد رفیق ملک کو چیف سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح پولیس بیوروکریسی میں کلیم امام، طاہر خان، امجد سلیمی اور عارف نواز سمیت چار آئی جی تبدیل کئے گئے جبکہ ڈاکٹر شعیب کوپانچواں آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔

حکومت پنجاب نے اپنے دو سالہ اقتدار میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو تین بار تبدیل کیا بالاخر بابر حیات تارڑ کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اپنے ضلع ڈیرہ غازی خان اور لاہور کے کمشنرز چار چار بار تبدیل ہوئے۔ اس وقت ساجد ظفر کمشنر ڈیرہ غازی خان جبکہ کمشنر لاہور کا عہدہ تاحال خالی ہے۔ موجودہ حکومت نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے سیکرٹری کو آٹھ بار ، محکمہ سکول اور آبپاشی کے سیکرٹریز کو سات سات بار، محکمہ سروسز، خوراک ، لائیو سٹاک، ماحولیات اور ٹرانسپورٹ کے سیکرٹریز کو پانچ پانچ بار تبدیل گیا جبکہ محکمہ کوآپریٹو ، ایکسائز اور بلدیات کے سیکرٹری بھی چار چار بار تبدیل کئے گئے ہیں۔