Live Updates

مزدور تنظیمیں حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کیخلاف متحد ہو گئیں

آل پاکستان ایمپلائز لیبر تحریک کے پلیٹ فارم سے بھرپور مشترکہ احتجاج کا اعلان تبدیلی سرکار نے محنت کش اور تنخواہ دار طبقے کیخلاف ظلم کی انتہا کر دی ہے۔اجلاس سے مزدور راہنمائوں کا خطاب

جمعہ 24 جولائی 2020 22:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2020ء) پیپلز لیبر بیورو ، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن،میونسپل لیبر اینڈ ورکرز یونینز، پاکستان فوڈ ورکرز فیڈریشن، آل پاکستان ایمپلائز لوکل گورنمنٹ، ٹیچرز ایسوسی ایشنز، پاکستان ریلوے مزدور اتحاد اور محنت کش و تنخواہ دار طبقے کی دیگر تنظیمیںاور فیڈریشنیںپی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کی مزدور کش اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف متحد ہو گئیں ہیں اورانہوں نے ملک بھر میںمشترکہ احتجاج کیلئے - ’’آل پاکستان ایمپلائز مزدور تحریک‘‘ کے نام سے متحدہ محاذ تشکیل دے دیا ہے اس سلسلے میں مختلف مزدور تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ایک سولہ رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو مرحلہ وار احتجاجی تحریک آگے بڑھانے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں اگست کے مہینے میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ملک بھر کے محنت کشوں اور سرکاری ملازمین کے تاریخی احتجاجی دھرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرے گی۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں عید قربان کے بعد پانچ اگست کو تمام شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اس امر کا اعلان گذشتہ روز جناح ہال میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں پنجاب، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور ملک کے دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مزدور راہنمائوں کے ایک بڑے ’مشاورتی سربراہی اجلاس‘ میں کیا گیا۔ اجلاس سے پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ، ایپکا پنجاب کے صدر حاجی ارشاد، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے راہنما کامریڈ چنگیز ملک، آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرزفیڈریشن پنجاب کے چیئرمین غلام محمد ناز،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ایپکا سردار حنیف، ریڈیو پاکستان سی بی اے کے جنرل سیکرٹری محمد اعجاز، پیپلز یونٹی پی آئی اے کے صدر رمضان لغاری، پی ایل بی راولپنڈی کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل مختار، پی ایل بی ضلع اسلام آباد کے صدر راجہ اشتیاق احمد، سٹی صدر سید محمد ذیشان شاہ، اٹک کے ضلعی صدر سراج گل خٹک،ایچ بی ایف سی ورکمین یونین پاکستان کے صدر راجہ پرویز اختر، سی اے اے ایمپلائز یونٹی سی بی اے کے مرکزی صدر شیخ خالد ، راجہ آصف، قائد اعظم یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری گل فراز کاظمی، اسٹیٹ بینک سی بی اے کے چیف آرگنا ئزر راجہ سہیل نذیر ،محمد اکبر چوہدری، آل پاکستان یوٹیلیٹی سٹور ورکرز یونین کے چیئرمین سید عارف شاہ ، میونسپل لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری راجہ عبدالمجید، ریلوے مزدو ر اتحاد کے مرکزی راہنما راجہ عمران، ریلوے ورکز یونین پاکستان کے مرکزی نائب صدر رفیق بٹ ، سٹیل ملز پیپلز ورکز یونین کے جنر ل سیکرٹری خاور قریشی، پی ٹی ڈی سی کے مرکزی صدرماجد یعقوب اعوان ،پی ٹی وی یونین کے جنرل سیکرٹری پرویز بھٹی، چیئرمین آ ل پاکستان ایمپلائز کوارڈنیشن کونسل حاجی اسلم خان ،آل پاکستان پنشنر ر ایسوسی ایشن کے صد ر حاجی فضل معبود،صدر ایپکا خیبر پختوانخوہ سریر خان ، پی ٹی سی ایل پنشنر ز کے سید امین شاہ ، پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر ملک لطیف شہزاد، آل پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن کے صدر شرافت اللہ یوسفزئی اورانقلابی طلبہ محاذ کے آرگنائزر آصف رشیدسمیت مزدوروں اور سرکاری ملازمین کے دیگر کئی تنظیموں کے نمائندگان نے خطاب کیا۔

مزدور راہنمائوں نے کہا کہ وقت آگیاہے کہ اب تمام ملازمین سروں پر کفن باند کر نکل آئیں ، قائدین پہلے قربانی دیں گے ، ہمیں نئی تاریخ رقم کرنی ہے۔ موجودہ پی ٹی آئی حکومت اپنے تمام تر وعدوں اور دعوئوں کے برخلاف عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کے سامنے سربسجودہو چکی ہے افسوس ناک امر یہ ہے کہ موجودہ حکومت تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے مزدور دشمن اور عوام دشمن پالیسیاںشدت سے نافذ کرنے جارہی ہے۔

نجکاری ، ڈائون سائزنگ، سالانہ انکریمنٹ کا خاتمہ ،پنشن کا خاتمہ ،مستقل روزگار کا خاتمہ،جبری برطرفیاں،یونین سازی کا خاتمہ ،مہنگائی اور بیروزگاری یہ وہ تمام جبروتشدد ہے جو محنت کشوں سے ان کا جینے کا حق بھی چھین لینے کے مترادف ہے۔ایسے حالات کا مقابلہ کرنے اور اپنے حقوق کا دفاع کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرناہوگی ۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات