کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی، ٹارگٹ کلنگ اور پولیس اہلکاروں و شہریوں کی ہلاکتوں کے روز بروز اضافے پر ایم کیو ایم کا گہری تشویش کا اظہار

جمعہ 24 جولائی 2020 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2020ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی، ٹارگٹ کلنگ اور پولیس اہلکاروں و شہریوں کی ہلاکتوں کے روز بروز اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوں جوں عید الاضحی قریب آرہی ہے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

عوام شدید خوف وہراس اور خریداری کرتے وقت تذبذب کا شکار ہیں۔ بنکوں سے نکلتے ہوئے اور اے ٹی ایم سے رقوم نکالتے ہوئے وارداتیں ہو رہی ہیں لیکن سندھ حکومت سو رہی ہے اور عوام کو تحفظ دینے میں ناکام نظر آتی ہے۔ پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ بھی اسکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعلی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں جو شہریوں اور خود اپنے ہی اہلکاروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہیں۔