چوہنگ تھانے کے اہلکار نے بار بار سگریٹ مانگنے پر حوالات میں بند ملزم کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا

پیر 3 اگست 2020 12:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) لاہور کے علاقہ چوہنگ تھانے کے اہلکار نے بار بار سگریٹ مانگنے پر حوالات میں بند ملزم کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔بتایا گیا ہے کہ چوہنگ پولیس اسٹیشن میں ذیشان نامی شخص کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور مقدمہ درج کر کے اسے حوالات میں بند کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم ڈیوٹی پر تعینات وارث نامی اہلکار سے بار بار سگریٹ کا مطالبہ کررہا تھا جس پر اہلکار نے مشتعل ہوکر حوالات میں بند ذیشان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

فائرنگ کے بعد پولیس افسران نے زخمی قیدی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس اہلکار کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔