میرج ہالز، ریسٹورنٹس، بزنس سنٹرز، سیاحتی مقامات سمیت دیگر کاروبار کھولنے کیلئے وفاق سے اجازت طلب کر لی ‘ فیاض الحسن

بزدار حکومت کرونا میں واضح کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیاں تیز کرنا چاہتی ہے‘ صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 4 اگست 2020 21:56

میرج ہالز، ریسٹورنٹس، بزنس سنٹرز، سیاحتی مقامات سمیت دیگر کاروبار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے این سی او سی اور وفاقی حکومت کو مجوزہ ایس او پیز کے تحت کاروبار کھولنے کے حوالے سے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں،حکومت میرج ہالز، ریسٹورنٹس، بزنس سنٹرز، سیاحتی مقامات، سپورٹس کلبز، تفریحی پارکس، سینما ہالز اور تھیٹرز کھولنے کے لیے وفاقی حکومت سے اجازت طلب کرے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسدادِ کرونا کی جانب سے نیگیٹو لسٹ میں شامل کاروبار کھولنے کے حوالے سے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مندرجہ بالا کاروبار کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بزدار حکومت کرونا میں واضح کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیاں تیز کرنا چاہتی ہے۔

قبل ازیں اپنے آفس سے جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انسدادِ کورونا کیلئے پنجاب حکومت کے مثبت اقدامات کو سپریم کورٹ کے معزز بنچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران بھی سراہا ہے۔ معزز بنچ نے کہا کہ بزدار حکومت کے کرونا مخالف اقدامات مثبت اور درست سمت میں ہیں- وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریضوں میں نمایاں کمی کے باعث سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال، پی آئی سی سمیت دیگر بڑے ہسپتالوں میں کرونا وارڈز بند کر دیئے گئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ عدالت عظمی کے ان حوصلہ افزا ریمارکس کی روشنی میں پنجاب حکومت کورونا پھیلا کے خلاف مزید اقدامات جاری رکھے گی۔