ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یوم استحصال کشمیر منایا گیا

بدھ 5 اگست 2020 13:48

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یوم استحصال کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر اور استحصال کو ہر حال میں ختم کرنے میں ہر طرح کی اخلاقی اور سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اس دن کی مناسبت سے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کی قیادت میں گورنر ہائوس گلگت سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں نگران صوبائی حکومت کے وزراء ، اعلیٰ سول و عسکری قیادت، سول سوسائٹی کے اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی ہائی سکول نمبر 1 پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان گزشتہ 72 سالوں سے بھارتی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف برسرِ ے پیکار ہیں، بھارتی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور بربریت کے باوجود ان کی جدو جہد آزادی میں ذرا بھر بھی کمی نہیں آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو بھارتی حکومت نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت اور خودمختاری کو ختم کرنے کے بعد کشمیری عوام کو فوجی محاصرے میں رکھا ہوا ہے اور کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کیا ہوا ہے جو بین الاقوامی قوانین کے سراسر خلاف ورزی ہے۔ گور نر گلگت بلتستان نے کہا کہ آ ر ایس ایس کا دہشتگرد و بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نہ صرف کشمیری مسلمانوں کو بلکہ پورے بھارت کو آ گ کے شعلوں میں جھونک دیا ہے، وہاں امتیازی قانون سازی کے ذریعے مسلمانوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور بھارتی قابض افواج بچوں، بزرگوں اور خواتین کو بھی سرے عام تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرکے بھارتی حکومت اور مودی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے اور انہوں نے اقوام متحدہ کے سربراہ اجلاس میں کشمیر کے مسئلے کو مدلل انداز میں پیش کر کے عالمی رہنماؤں کو اس مسئلے کی اہمیت اور وہاں پر بھارتی ظلم اور استحصال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قائدانہ صلاحیت اور کامیاب سفارت کاری کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اسی لئے امریکی صدر نے اس اہم مسئلے پر ثالثی کی پیشکش بھی کی اور عالمی رہنماؤں نے اس مسئلے بارے تشویش کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نی5 اگست کا دن یوم استحصال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کے سرکاری سیاسی نقشے میں باقاعدہ طور شامل کرنے کی منظوری دینے سمیت کشمیر ہائی وے کو سری نگر ہائی وے کا نام دینے کا بھی اعلان کیا ہے جو کشمیر کی آزادی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ گلگت بلتستان کی عوام اور حکومت ہر سطح پر ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم دور کر دے۔