نوید بھٹی کی سربراہی میں نرسوں کے وفد کی وقار مہدی سے ملاقات

رہنما پیپلزپارٹی نے معاون خصوصی کو اسپتالوں میں ہراساں کیے جانے کے واقعات سے آگاہ کیا بھی اس طرح کے واقعات قابل قبول نہیں،شکایات کی انکوائری کریںگے،وقارمہدی کی یقین دہانی

جمعرات 6 اگست 2020 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی کی سربراہی میں کے ایم سی کی نرسوں کے ایک وفد نے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی اور چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے سربراہ وقار مہدی سے ملاقات کی ۔کے ایم سی کی نرسز نے پیپلزپارٹی کے رہنما نوید بھٹی سے رابطہ کرکے انہیں اسپتالوں میں ہراساں کیے جانے کے واقعات سے متعلق آگاہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

نوید بھٹی نے معاون خصوصی وزیراعلی سندھ کو نرسوں کے مسائل اور اسپنسر اسپتال میں پیش آنے والے واقعہ سے آگاہ کیا ۔وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کے تحفظ کی ضامن جماعت ہے ۔ہم کسی صورت بھی اس طرح کے واقعات پیش آنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں ۔انہوںنے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان شکایات کی مکمل انکوائری کرائی جائے گی اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔کے ایم سی کی نرسوں نے بھرپور تعاون کرنے پر معاون خصوصی وقار مہدی اور نوید بھٹی کا شکریہ ادا کیا ۔