زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ شروع ہوگئے

جمعرات 6 اگست 2020 17:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں ۔ کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر حکومت کے نافذ کردہ حفاظتی ضابطہ کار اور سماجی فاصلے کو یقینی بناتے ہوئے ساڑھی9ہزار سے زائد طلباء و طالبات انٹر ی ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے رجسٹرار عمر سعید قادری‘ کنونیئرایڈمیشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی اور ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر اعجاز وڑائچ کے ساتھ امتحانی سینٹرز کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئرکو ہدایت کی کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور فیسکو کی جانب سے ہونیوالی لوڈ شیڈنگ پر متبادل انتظام کے طور پر جنریٹرزکوفوری چلایا جائے۔

(جاری ہے)

کنونیئرایڈمشن کمیٹی پروفیسرڈاکٹر شہباز طالب ساہی کے مطابق پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرامز کیلئے انٹری ٹیسٹ 09اگست تک جاری رہیں گے۔ علاو ہ ازیں انڈرگریجوایٹ سطح کے انجینئرنگ پروگرامز میں داخلوں کیلئے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے منظورشدہ قواعد اور حکومتی ایس او پیز کے مطابق انٹری ٹیسٹ 8تا 09اگست تک جاری رہیں گے جس کیلئے 1600سے زائد اُمیدوار وںنے اپنی رجسٹریشن مکمل کر رکھی ہے۔