بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں ، تین کوکنگ آئل ہولسیل ٹریڈرز کو سیل کر دیاگیا ، تین فلور ملز سمیت پانچ ملک شاپس اور ایک جنرل اسٹور پر جرمانے عائد

منگل 11 اگست 2020 01:19

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ و کاروائیوں کے دوران تین کوکنگ آئل و گھی کے ہولسیل ٹریڈرز کو سیل کر دیاگیا جبکہ تین فلور ملز سمیت پانچ ملک شاپس اور ایک جنرل اسٹور پر جرمانے عائد کیے گئے۔واضح رہے کہ نیو اڈہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں قائم ہول سیل ٹریڈرز سے گزشتہ روز فوڈ اتھارٹی حکام نے خوردنی تیل وگھی،انڈسٹریل ایریا سرکی روڈ میں فلور ملز سے آٹے و گندم جبکہ علمدار روڈ اور طوغی روڈ میں موجود ملک شاپس سے عوام کو فروخت کئے جانے والے کھلیدودھ کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے تھے جو لیبارٹری تجزیہ کے مطابق غیر معیاری اور مقررہ معیار کے برخلاف پائیگئے جسکی بناء پر مزکورہ مراکز کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

بی ایف اے حکام نے سمنگلی روڈ میں جنرل اسٹور کو زائد المعیاد کھانے پینے کی اشیاء اور ممنوعہ و مضر صحت چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ کی فروخت پر جرمانہ کیاجبکہ ایک میٹ شاپ سے گوشت کے سیمپلز لے کر لیبارٹری تجزیہ کے لیے بھجوا دیے گئے۔مزید برآں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے معائنے کے دوران متعدد مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کیے جبکہ مالکان و ورکرز کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ اسٹینڈرڈز سے متعلق خصوصی ہدایت ناموں کی کاپیاں بھی دی گئیں۔