حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں

حکومت کو معاہدے سے700 ارب کی بچت ہوگی، ونڈ پاورسے چلنے والے13 بجلی گھروں نے معاہدے پر دستخط کردیے، معاہدے سے انرجی ٹیرف 25 سے کم ہوکر14روپے فی یونٹ ہوجائےگا، سستی بجلی کا انڈسٹری اورعوام کو فائدہ ہوگا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 اگست 2020 16:43

حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اگست 2020ء) حکومت کو آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے سے700ارب کی بچت ہوگی، ونڈ پاورسے چلنے والے13 بجلی گھروں نے معاہدے پر دستخط کردیے، معاہدے سے انرجی ٹیرف 25 سے کم ہوکر14روپے فی یونٹ ہوجائےگا، سستی بجلی کا صنعت اور عوام کو فائدہ ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

معاہدے میں شامل بجلی گھروں میں حکومتی، نجی اور سی پیک پاور پلانٹ شامل ہیں۔ حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں ونڈ پاور سے چلنے والے 13 بجلی گھروں نے دستخط کردیے جبکہ6 ونڈ پاور پیر کو معاہدے پر دستخط کریں گے۔ معاہدے سے انرجی ٹیرف 25 سے کم ہو کر 14روپے فی یونٹ ہوجائےگا۔ جس سے حکومت کو آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے سے 700 ارب کی بچت ہوگی۔

(جاری ہے)

معاہدے میں 1994ء اور 2002ء کی پاور پالیسی کے تحت بجلی گھروں کو منافع ادائیگی ڈالرز میں کی جاتی تھی وہ اب ڈالرز کی بجائے روپے میں ہوگی۔

جس کیلئے مستقبل میں ریٹ کو فکس کردیا گیا ہے۔ یعنی معاہدوں کی مدت تک ڈالر کا ریٹ 148 روپے فکس کردیا گیا ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ قوم کیلئے خوشخبری ہے کہ معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، کورونا صورتحال میں بہتر ی کے ساتھ ہی معیشت چل پڑی ،سٹاک مارکیٹ ، ٹیکس وصولیوں بڑھ گئیں، آئی پی پیز کے ساتھ سستی بجلی کا معاہدہ ہوگیا، سستی بجلی کا فائدہ انڈسٹری اور عوام کو ہوگا۔

ہمارے لیے بڑا مسئلہ مہنگی بجلی پید اکرنا تھا، پچھلی حکومتوں نے مہنگے معاہدے کیے ہوئے تھے۔ حکومت اور بجلی کمپنیز آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات چل رہے تھے، اس سے بجلی کی پیداوار کی قیمت کم ہوجائے گی، اس کا فائدہ انڈسٹری اور عوام کو ہوگا۔ اسی طرح آنے والے دنوں میں بجلی کے تقسیم کار نیٹ ورک کو ٹھیک کریں گے۔قرضوں کے بعد ہمارے اوپر مہنگی بجلی کا بڑا بوجھ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں صنعتی پاکستان دیکھ رہا ہوں۔