وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کا بہارہ کہو کے نواحی علاقے پھلگراں کا دورہ

اتوار 16 اگست 2020 00:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے ہفتہ کو بہارہ کہو کے نواحی علاقے پھلگراں کا دورہ کیا۔ معاون خصوصی نے پھلگراں میں سوئی گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، دوسال کی کم مدت میں حلقہ این اے 53 میں ہر شعبہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ،علی نواز اعوان نے کہا کہ عوام کی مشکلات ختم کریں گے،وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق عوامی فلاح کے منصوبوں پر بھرپور کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سخت گرمی کے باوجود اتنا بڑا مجمع اس بات کا گواہ کے تحریک انصاف عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج سوئی گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے الیکشن 2018ء میں پھلگراں کی عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے،جلد ہی ترقیاتی کاموں اور سوئی گیس کے ٹینڈر جاری ہو رہے ہیں جس سے حلقہ این اے 53 میں مزید ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیں گے۔ بڑی تعداد میں عوام کی آمد اور زبردست استقبال پر معاون خصوصی علی نواز اعوان نے اہل علاقہ کا شکریہ ادا کیا. اس موقع پر علی نواز اعوان کے ہمراہ حلقہ این اے 53 سے تحریک انصاف کی سینئر قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔