ٴ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں کی کوئٹہ میں کارروائی ،ْ متعدد تجارتی مراکز پر جرمانے

منگل 1 ستمبر 2020 21:50

،کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر خوراک عبدالرحمان کھیتران کی ہدایات پر غیر معیاری ناقص اور زائد المیعاد اشیا کی فروخت کے تدارک کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے علاقوں مری آباد ،علمدار روڈ، طوغی روڈ اور ارباب کرم خان روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے،بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے معائنے کے دوران چھ جنرل سٹورز کو زائد المعیاد کھانے پینے کی اشیا جن میں مصالحہ جات،مشروبات، بسکٹ، کسٹرڈ پاڈر ،فلیورڈ دودھ اور ممنوعہ چائنیز نمک اور گٹکا پان پراگ شامل تھا کی موجودگی،تین پکوان ہاسز کو صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال،گندے برتنوں میں کھانوں کی تیاری ،ایکسپائرڈفوڈ کلرز و اجینو موتو کی برآمدگی ،دو فاسٹ فوڈکارنرز کو ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے ، کچن ایریا میں گندگی و نکاسی آب کے نامناسب انتظامات جبکہ ایک ہولسیل ٹریڈر کو بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ کھانے پینے کی اشیا رکھنے اور ایک نان شاپ کو دکان میں گندگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

فوڈ اتھارٹی حکام نے کارروائیوں کے دوران برآمد ہونے والی زائد المعیاد اشیا کی بڑی مقدار قبضے میں لے لی۔واضح رہے کہ صوبائی وزیر خوراک عبدالرحمان کھیتران کی خصوصی ہدایات پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں کوئٹہ شہر سمیت صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں جعلی و ناقص اشیا خوردونوش کی تیاری و فروخت کی روک تھام کے غرض سے مراکز کا معائنہ اور کھانے پینے کی اشیا کے معیار کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ غیر معیاری و مضر صحت کھانے پینے کی اشیا کا تدارک ممکن ہو اور عوام کو اچھے معیار کی محفوظ اشیا میسر آسکیں