بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوںکے خلاف کارروائیاں

پیر 7 ستمبر 2020 23:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر میں غیر معیاری اور ناقص اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے مراکز کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے مسجد روڈ،تھانہ روڈ، جناح روڈ اور ٹیکسی اسٹینڈ کے علاقوں میں چار ہوٹلوں کو صفائی کے ناقص انتظامات, ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور گندے برتنوں کے استعمال، تین جنرل سٹورز کو ممنوعہ ومضرصحت چائنیز نمک، گٹکا پان پراگ اور نان فوڈ گریڈ کلرزکی فروخت اور زائد المعیاد مصالحہ جات کی برآمدگی پر جرمانہ کردیا جبکہ ایک آئسکریم کارنر و ایک جوس کارنر پر بڑی مقدار میں فنگس زدہ پھلوں کی فریزر میں سٹوریج اور ناقص صفائی،ایک بیکری پروڈکشن یونٹ کو ہدایات کے باوجود صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے و حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف ماحول میں اشیاء کی تیاری،ایک میٹ شاپ کو دکان میں گندگی اور بی ایف اے کی جانب سے دی گئیں ہدایات کے باوجود دکان کی فرنٹ پر شیشہ نصب نہ کرنے، دکان کے باہر گوشت لٹکانے و گندے اوزار جبکہ ایک ملک شاپ کو دودھ میں ملاوٹ اور ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور کو زائد المعیاد مصالحہ جات اور دیگر اشیاء کی موجودگی پر جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ائرپورٹ روڈ میں مراکز کی چیکنگ کے دوران بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ایک اور ٹیم نے ایک معروف ریسٹورنٹ کو باسی و بدبودار گوشت فریزر میں رکھنے،کھانوں کی تیاری میں نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال اور صفائی کی ناقص صورتحال پر جرمانہ کردیا جبکہ اس دوران ایک گوشت کی دکان پر صفائی کی ناقص صورتحال اور بی ایف اے حکام کی گزشتہ ہدایات کے باوجود تاحال صفائی و گوشت کے سٹوریج کا نظام بہتر نہ کرنے جبکہ ایک جنرل سٹور پر ایکسپائرڈ کھانے پینے کی اشیاء کی موجودگی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرز آپریشنز سرفراز مغل اور ڈاکٹر فیصل رزاق کی سربراہی میں ٹیموں کی جانب سے مذکورہ علاقوں میں قائم کھانے پینے کے مراکز کے مالکان کو بی ایف اے کے وضع کردہ خصوصی ایس او پیز کی کاپیاں دی گئیں جن پر عمل درآمد کے حوالے سے انہیں خصوصی آگاہی بھی فراہم کی گئی۔